سبق نمبر 08، عبادات

  • Home
  • سبق نمبر 08، عبادات
Shape Image One

عبادات

advanced divider

سوال۱

عبادت پر تفصیلی مضمون تحریر کیجئے

:جواب

:عبادت کا معنی اور مفہوم

عبادت کا لفظ عبد سے مشتق ہے جس کے معنی بندہ یا غلام کے آتے ہیں جبکہ عبادت کے معنی بندگی، عاجزی اور انکساری اور
اطاعت و فرمانبرداری کے آتے ہیں۔ شریعت کی اصطلاح میں کسی عمل کو اللہ کی رضا و خوشنودی کے لیے اللہ کے بتائے ہوئے اصولوں اور طریقے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ /سنت کے مطابق کرنے کا نام عبادت ہے۔

:عبادت نام ہے اطاعت الہٰی کا

عبادت ایک جامع اور وسیع مفہوم رکھتی ہیں جو اللہ تعالی کے تمام پسندیدہ و محبوب، ظاہری و باطنی اخبار و افعال کی ترجمانی کرتی ہے۔ اس تعریف کی رو سے نماز، روزہ، حج، زکوۃ، سچائی، امانت داری، والدین کے ساتھ حسن سلوک، صلہ رحمی، ایفائے  عہد، نیکی کا حکم، برائی سے روکنا، جہاد غرض جانوروں کے ساتھ بھلائی، یہ سب کچھ عبادت میں آتا ہے۔

:انسان کے دنیا میں آنے کا مقصد

انسان کا اس دنیا میں آنے کا مقصد بھی صرف عبادت ہے یعنی اللہ تعالی نے انسان کو پیدا ہی اپنی عبادت کے لیے کیا ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالی ٰہے: اور ہم نے انسان اور جنات کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا۔ (سورۃ الذاریات، آیت:۵۶)

یعنی انسان کا مقصد حیات یہ ہے کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی کے تمام امور میں دیکھے کہ میرا رب اس بارے میں کیا کہتا ہے اور کیا چاہتا ہے اور اپنے روزمرہ کے تمام کاموں کو اللہ کے حکم پر لے آئے اور وہ عمل جس میں اللہ کا حکم ہے، اس کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق کرے، یہی عبادت ہے۔

:عبادت نام ہے رب چاہی زندگی کا

عبادت رب چاہی زندگی کا نام ہے کہ ہم اللہ کے بندے، اس کے غلام ہیں اور وہ رب العالمین ہمارا معبود حقیقی، مالک ہے اور بندے یعنی غلام کا کام مالک کی اطاعت و فرمانبرداری کرنا ہوتا ہے لہذا اسی لیے عبادت نام ہے رب چاہی زندگی گزارنے کا یعنی اللہ تعالی کے تمام احکامات کو ماننا، تسلیم کرنا، ان پر عمل کرنا، جن چیزوں کو اللہ نے حرام قرار دے دیا، اس کو چھوڑ دیا جائے اور جن چیزوں کو واجب اور فرض یعنی ضروری قرار دے دیا گیا، ان کی فورا تعمیل کی جائے۔ زندگی کے ہر شعبے کو اللہ تعالی کی اطاعت کے مطابق ڈھالنا اور ان تمام کاموں میں صرف اللہ کی رضا کا حصول چاہنا جیسا کہ ارشاد باری تعالی ٰہے: اے اہل ایمان! اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو جاؤ۔
(سورۃ البقرہ، آیت:۲۰۸)