سبق نمبر 03، قرآن مجید – تعارف اور فضائل

  • Home
  • سبق نمبر 03، قرآن مجید – تعارف اور فضائل
Shape Image One

قرآن مجید

advanced divider

:تعارف اور فضائل

مندرجہ ذیل سوالات کے تفصیلی جوابات تحریر کیجیے ۔

 قرآن مجید کے فضائل پر نوٹ تحریر کیجئے 

:جواب

:فضائل قرآن مجید

: قرآن مجید اللہ تعالی کی وہ آخری الہامی کتاب ہے جو خاتم المرسلین حضرت محمد ﷺپر نازل ہوئی جو تمام الہامی کتابوں سے بڑھ کر عزت وشرف ، عظمت و فضیلت ، خیر و برکت سے مالامال اور ہدایت و حکمت سے لبریز ہے۔ جس کا پڑھنا باعثِ اجر و ثواب ، اس پر عمل کرنا قرب الہٰی کا ذریعہ اور اخروی نجات کا سبب ہے۔

:رہبر و رہنما کتاب

قرآن کریم ایک آخری الہامی کتاب ہے جو اپنے پڑھنے والے کو ہدایت والے راستے پہ ڈال دیتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پڑھنے والے (مؤمنین) کو نصیحت بھی کرتی ہے ۔ جیسا کہ قرآن کریم میں ارشاد ہے:

هٰذَا بَيَانٌ لِّلنَّاسِ وَهُدًى وَّمَوْعِظَةٌ لِّلْمُتَّقِيْنَ ﴿۱۳۸﴾

(یہ) قرآن  تمام لوگوں کے لیے واضح اعلان ہے اور متقین (پرہیزگاروں ) کے لیے ہدایت و نصیحت  ہے۔ (سورہ آل عمران آیت: ۱۳۸)

:مکمل ضابطہ حیات

قرآن کریم ایک ایسی آخری الہامی کتاب ہے جو مکمل ضابطہ حیات ہے ۔ اس میں انسانی زندگی کی پیدائش سے لے کر موت تک ازل سے ابد تک تمام معاملات و حالات اور مرنے اور مرنے کے بعد کے تمام مراحل کو تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے ۔ زندگی کے تمام مراحل،  خوشی غم ، شادی بیاہ ، دوسروں کے ساتھ برتاؤ ، اخلاقیات ، معاملات ، رزق کمانے اور خرچ کرنے ، عدالت ، سیاست اور حکومت وغیرہ سب کے بارے میں بہترین اصول ذکر کیے گئے ہیں ۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے :

اَلْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِيْ وَرَضِيْتُ لَكُمُ الْإسْلَامَ دِيْنًا

آج میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کر دیا ، تم پر اپنی نعمت پوری کر دی اور تمہارے لیے اسلام کو دین کے طور پر پسند کر لیا۔ (سورہ مائدہ آیت:۳)

:بابرکت کتاب

قرآن کریم اللہ تعالی کی نازل کردہ وہ آخری الہامی کتاب ہے جو بڑی بابرکت ہے جو اللہ تعالی نے انسان کی ہدایت کا ذریعہ بنایا ہے تاکہ انسان اس بابرکت کتاب کو پڑھے ، سمجھے ، اس پر عمل کرے اور دنیا وآخرت میں کامیاب اور سرخرو ہو سکے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے :

لَقَدْ مَنَّ اللّٰهُ عَلَى الْمُؤْمِنِيْنَ إِذْ بَعَثَ فِيْهِمْ رَسُوْلًا مِّنْ أَنفُسِهِمْ يَتْلُوْا عَلَيْهِمْ اٰيٰتِهٖ وَيُزَكِّيْهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ

حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے مومنوں پر بڑا احسان کیا کہ ان کے درمیان انہی میں سے ایک رسول بھیجا جو ان کے سامنے اللہ کی آیتوں کی تلاوت کرے ، انہیں پاک صاف کرے اور انہیں کتاب و حکمت کی تعلیم دے۔(سورہ آل عمران آیت:۱۶۴)

:قرآن کریم کی فضیلت احادیث نبوی ﷺکی روشنی میں

:معلمِ قرآن لوگوں میں سب سے بہتر

:  قرآن کریم چونکہ دنیا کی تمام کتابوں اور علوم سے افضل و اعلیٰ اور ارفع ہے جس سے بہتر دنیا کی کوئی کتاب نہیں، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن کریم کے سیکھنے اور سکھانے والے کے بارے میں ارشاد فرمایا : تم سب میں سب سے بہتر وہ شخص ہے جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا ۔ (صحیح بخاری)

:شفاعت کرنے والی کتاب

قرآن کریم اللہ تعالی کی طرف سے نازل کردہ وہ سچی اور آخری الہامی کتاب ہے جو اللہ تعالی کی مقرب اور پسندیدہ ہے لہذا جو شخص بھی قرآن کو روزانہ پڑھے گا اور اس کی تعلیمات پر عمل کرے گا تو کل قیامت کے دن یہ قرآن اس شخص کے حق میں جھگڑا کرے گا اور اللہ سے سفارش کرے گا کہ اسے جنت میں داخل کیا جائےاور اللہ اس کی سفارش قبول فرما کر جنت میں داخل فرما دے گا جیسا کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا ارشاد ہے : تم قرآن پڑھو اس لیے کہ قرآن قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کے لیے سفارشی بن کر آئے گا ۔ (صحیح مسلم)

:عزت و عظمت عطا کرنے والی کتاب

: قرآن کریم اللہ تعالی کی وہ آخری آسمانی کتاب ہے کہ جو اس کو مضبوطی سے پکڑے یعنی اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائے تو اللہ تعالی اس کو دنیا میں عزت اور سر بلندی عطا کرے گا اور آخرت میں جنت میں داخل کیا جائے گا جیسا کہ نبی کریم ﷺکا ارشاد ہے: بے شک اللہ تعالی اس کتاب یعنی قرآن کریم کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو سر بلندی عزت عطا فرمائے گا اور بہت سے دوسرے لوگوں کو ذلیل و رسوا کرے گا ۔ (صحیح بخاری)

:اجر و ثواب کے حصول کا بہترین ذریعہ

قرآن کریم اللہ تعالی کی طرف سے خاتم النبیین حضرت محمد ﷺپر نازل کردہ ایسی بابرکت اور مقرب کتاب ہے جس کو اللہ تعالی نے خوب اجر و ثواب اور نیکیاں کمانے کا ذریعہ بنایا ہے ۔ جس کو دیکھنا ہی ثواب ہے اور پڑھنا اور اس پر عمل کرنا خوب اجر و ثواب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس کے متعلق رسول اللہ ﷺکا ارشاد ہے : جس نے کتاب اللہ قرآن کریم کا ایک حرف پڑھا ۔ اسے ہر حرف کے عوض دس نیکیاں ملتی ہیں ۔ میں یہ نہیں کہتا کہ الف لام میم ایک مکمل حرف ہے بلکہ الف ایک الگ حرف ہے ، لام ایک الگ حرف ہے ، میم ایک الگ حرف ہے یعنی الم پڑھنے پر ۳۰ نیکیاں لکھی جاتی ہیں۔ (الحدیث )

:دلوں کی پاکیزگی کا ذریعہ

قرآن کریم اللہ تعالی کی ایک ایسی آخری الہامی کتاب ہے جو لوگوں کے دلوں کی پاکیزگی کا سبب ہے جس کی تلاوت سے انسان کا دل پاک صاف ہو جاتا ہے اور وہ اللہ تعالی کے مقرب بندوں میں شامل ہو جاتا ہے جیسا کہ رسول اللہ ﷺکا ارشاد ہے:

بے شک دلوں کو زنگ لگ جاتا ہے جس طرح لوہے کو زنگ لگ جاتا ہے ۔ صحابہ کرامؓ نے عرض کیا کہ دل کی صفائی  اور پاکی کس چیز سے ہوتی ہے ؟ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا : موت کو کثرت سے یاد کرنے اور کثرت سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے سے ۔ (مشکوٰۃ شریف)

سوال

قرآن کریم کی چند خوبیاں تحریر کیجیے 

:جواب

:قرآن کریم کی خوبیاں

قرآن کریم جو تمام انسانوں کو صراط مستقیم یعنی سیدھے راستے کی طرف رہنمائی کے لیے نازل کیا گیا ہے۔ قرآن کریم ایک بے مثال کتاب ہے ، اس کی عظمتوں اور رفعتوں کی کوئی انتہا نہیں ۔ اس کی بے شمار خوبیاں اور خصوصیات ہیں جن میں سے چند خوبیاں درج ذیل ہیں:

:کتاب ہدایت

قرآن کریم اللہ تعالی کی نازل کردہ وہ آخری الہامی کتاب ہے جو رسول اللہ ﷺپر نازل کی گئی ۔ قیامت تک تمام انسانوں اور جنات کی ہدایت کا ذریعہ ہے یعنی یہ کتاب اپنے پڑھنے والے کو ہدایت عطا کرتی ہے جیسا کہ ارشاد ربانی ہے :

هٰذَا بَيَانٌ لِّلنَّاسِ وَهُدًى وَّمَوْعِظَةٌ لِّلْمُتَّقِيْنَ ﴿۱۳۸﴾

یہ قرآن تمام لوگوں کے لیے واضح اعلان ہے اور پرہیزگاروں کے لیے ہدایت اور نصیحت ہے ۔(سورہ آل عمران آیت:۱۳۸

:کتاب ہدایت

قرآن کریم اللہ تعالی کی نازل کردہ وہ آخری الہامی کتاب ہے جو رسول اللہ ﷺپر نازل کی گئی ۔ قیامت تک تمام انسانوں اور جنات کی ہدایت کا ذریعہ ہے یعنی یہ کتاب اپنے پڑھنے والے کو ہدایت عطا کرتی ہے جیسا کہ ارشاد ربانی ہے :

هٰذَا بَيَانٌ لِّلنَّاسِ وَهُدًى وَّمَوْعِظَةٌ لِّلْمُتَّقِيْنَ ﴿۱۳۸﴾

یہ قرآن تمام لوگوں کے لیے واضح اعلان ہے اور پرہیزگاروں کے لیے ہدایت اور نصیحت ہے ۔(سورہ آل عمران آیت:۱۳۸

:مکمل ضابطہ حیات

قرآن کریم ایک ایسی کتاب ہے جو انسانی زندگی کی رہنمائی کرتی ہے جس میں انسانی زندگی کی حقیقت ، خیر و شر ، حلال و حرام ، اخلاقی تعلیمات غرض زندگی کے تمام پہلوؤں کے متعلق رہنمائی موجود ہے۔

:کتاب الشفاء

قرآن کریم ایسی کتاب ہے جس میں دنیا کے تمام انسانوں کے لیے روحانی اور جسمانی شفا موجود ہے ۔ اس کا پڑھنا ، سننا اور عمل کرنا سب کچھ شفا کا باعث ہے لہٰذا جو انسان بھی اس قرآن کو پڑھے گا ، اللہ تعالی اس کے قرآن کے پڑھنے کے سبب اس کو ہر طرح کی روحانی اور جسمانی شفاءعطا فرمائے گا جیسا کہ قرآن کریم میں ارشاد ہے:

وَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْآنِ مَا هُوَ شِفَاءٌ وَرَحْمَةٌ

 اور ہم قرآن  میں وہ (تعلیمات ) نازل فرماتے ہیں جو ایمان والوں کے لیے شفا اور رحمت ہے ۔ (سورہ بنی اسرائیل، آیت:۸۲)

قرآن کریم ایک ایسی دلفریب اور دلکش کتاب ہے جو اپنے پڑھنے والے کے دل پر ایک ایسا اثر کرتی ہے کہ پڑھنے والا اس قرآن کی تعلیمات سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا کیونکہ اس کا ایک نام نور ہے جو دلوں کو پلٹنے والی، گمراہی سے ہدایت دینے والی، تاریکی سے روشنی کی طرف لانے والی ہے۔ قرآن کریم کی اس تاثیر سے لاتعداد لوگوں کی زندگی بدل جاتی ہے۔

:بے مثال کتاب

قرآن کریم ایک ایسی آخری الہامی کتاب ہے جس کی کوئی مثل نہیں آسکتی کیونکہ اس کی حفاظت کا خود اللہ تعالی نے انتظام کیا ہے لہذا کافروں نے اس قرآن کی تعلیمات کو خلط ملط کرنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر سب عاجز آگئے ۔ اللہ تعالی نے ان کو چیلنج دیا کہ اس قرآن جیسی کوئی ایک سورت یا کوئی ایک آیت بنا کے لے آئیں مگر سب ناکام ہوگئے۔ اس جیسی کتاب دنیا میں نہ کبھی تھی اور نہ کبھی آ سکتی ہے۔ خود اللہ تعالی کا ارشاد ہے :

قُلْ لَّئِنِ اجْتَمَعَتِ الإِنْسُ وَالْجِنُّ عَلىٰ أَن يَّأْتُوْا بِمِثْلِ هٰذَا الْقُرْآنِ لَا يَأْتُوْنَ بِمِثْلِهٖ وَلَوْ كَانَ بَعْضُهُمْ لِبَعْضٍ ظَهِيْرًا﴿۸۸﴾

آپ ﷺفرما دیجئے ! اگر تمام انسان اور جنات اس کام پر اکٹھے بھی ہو جائیں تو بھی اس قرآن جیسا کلام بنا کر نہیں لا سکتے چاہے وہ ایک دوسرے کی کتنی مدد کر لیں ۔ (سورہ بنی اسرائیل آیت ۸۸)

:سابقہ کتب کی تصدیق کرنے والی کتاب

قرآن کریم اللہ تعالی کی آخری الہامی کتاب ہے جس میں تورات ، زبور ، انجیل تینوں آسمانی کتابوں کی تعلیمات کو ذکر کر دیا گیا ہے یعنی ان تینوں کتابوں میں جو ان کی اپنی تعلیمات اور عقائد اصلی حالت میں محفوظ نہ رہ سکے ۔ انہیں قرآن کریم میں ازسرِ نو بیان کر کے محفوظ کیا گیا ہے ۔ اس لیے قرآن کریم کو المہیمن یعنی محافظ اور نگہبان بھی کہا جاتا ہے۔جیسا کہ قرآن کریم میں ارشاد ہے :

وَأَنزَلْنَا إِلَيْكَ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَيْنَ يَدَيْهِ مِنَ الْكِتَابِ وَمُهَيْمِنًا عَلَيْهِ

اے رسول محمد ﷺ! ہم نے تم پر یہ کتاب یعنی قرآن حق کے ساتھ نازل کی ہے جو اپنے سے پہلے کتابوں کی تصدیق کرتی ہے اور ان کی محافظ ہے ۔ (سورہ مائدہ آیت ۴۸)